حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایک دھماکے میں دو افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، یہ دھماکہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کی سرحد کے قریب چاغی نامی علاقے میں ہوا، دھماکے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی۔
گزشتہ جمعے کو بھی پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر مستونگ میں عید میلاد النبی (ص) کی تقریبات کے دوران ایک زوردار دھماکہ ہوا تھا، اس دھماکے میں 65 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، ویسے بھی پاکستان اس وقت سنگین معاشی مسائل کا شکار ہے۔
بہت سے سیاسی تجزیہ کاروں کو خدشہ ہے کہ پاکستان دوبارہ دہشت گردی کے سیاہ دور میں داخل ہو سکتا ہے، یہ وہ دور تھا جب آئے روز دہشت گردی کے واقعات رونما ہوتے تھے جس میں درجنوں لوگ دہشت گردی کا نشانہ بنتے تھے۔